بیجنگ( سن نیوز) چین نے امریکا کی جانب سے نائن الیون متاثرین کو ہرجانے کے بہانے افغان فنڈز سے آدھی رقم دینے کو ڈکیتی قرار دیدتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جوبائیڈن انتظامیہ چوری شدہ رقم فوری طور پر افغان عوام کو واپس کرے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے اپنی ٹویٹ میں امریکا کے افغان فنڈز سے نائن الیون متاثرین کو رقم کی فراہمی کے فیصلے کو افغان اثاثوں سے چوری قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ کھلی ڈکیتی، بے شرمی اور اخلاقی گراوٹ ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں میں سے چوری شدہ رقم فوری طور پر افغان عوام کے حوالے کرے اور افغانستان، عراق، لیبیا میں امریکی فوجی حملوں کے متاثرین کو زرتلافی ادا کرے۔قبل ازیں ترجمان طالبان نے بھی افغان فنڈز سے نائن الیون متاثرین کو رقم کی فراہمی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا میں نائن الیون حملے سے افغان عوام کا کوئی تعلق نہیں۔ امریکا معاہدے کی پاسداری کرے ورنہ ہم بھی اپنے فیصلے میں آزاد ہوں گے۔واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک حکم نامے کے ذریعے افغانستان کے مرکزی بینک کے 7 بلین ڈالر کے اثاثوں میں سے نصف نائن الیون متاثرین اور آدھے افغان عوام کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
امریکا کا افغان فنڈز سے نائن الیون متاثرین کو رقم دینا ڈکیتی ہے، چین
