تازہ ترین

مکہ مکرمہ میں گداگروں کی تعداد میں اضافہ، ہزاروں بھکاری گرفتار

ریاض – مکہ مکرمہ میں رمضان کے آتے ہی گداگروں اور بھکاریوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے، تاہم ہر سال کی طرح اس سال بھی انتظامیہ کی جانب سے سخت قدم اٹھایا گیا، جس کے نتیجے میں رواں سال 4 ہزار سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں ڈائریکٹر ادارہ امن عامہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر مکہ مکرمہ سے 4 ہزار 345 بھکاریوں اور اور گداگروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

محمد البسامی کا کہنا تھاکہ گداگر مکہ شہر کے مختلف مقامات پر موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے علاوہ مختلف مقامات پر محکمہ انسداد گداگری کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہ برتنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گداگر بڑی تعداد میں مکہ مکرمہ پہنچ جاتے ہیں، ٹیمیں ان گداگروں کو گرفتار کر کے انہیں متعلقہ مرکز میں پہنچا دیتی ہیں، جہاں ان کے خلاف کاروائی کی جاتی ہے۔