تازہ ترین

پاکستان کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہیں، چین

بیجنگ – چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات مستحکم اور ہموار طریقے سے منعقد کیے گئے جس پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

چین کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ میں حکومت سازی میں تاخیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے نوٹ کیا کہ پاکستان میں انتخابات عام طور پر مستحکم اور ہموار طریقے سے ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس صورتحال کا آپ نے ذکر کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں متعلقہ فریق یکجہتی پر قائم رہ سکتے ہیں اور متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

چین کی ترجمان نے مزید کہا کہ ایک قریبی اور دوست ہمسایہ ملک کے طور پر چین پاکستانی عوام کے انتخاب کا مکمل احترام کرتا ہے اور پوری امید کرتا ہے کہ پاکستان کی متعلقہ جماعتیں انتخابات کے بعد سیاسی یکجہتی اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات 8 فروری کو ہوئے تھے، نتائج کے اعلان کے بعد اب سیاسی جماعتیں حکومت سازی کے لیے کوشاں ہیں۔