اسلام آباد( سن نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک پولیس اہلکار کو نقل کے لیے وِگ کا استعمال کرنا مہنگا پڑ گیا۔بھارتی ویب سائٹ کے مطابق اترپردیش میں پولیس اہلکاروں سے لیے گئے امتحان کے دوران ایک امیدوار جعلی بالوں سے بنی وگ پہن کر آ گیا، نقل کے الزام میں گرفتار کیے گئے پولیس اہلکار نے وگ کے ساتھ چھوٹے ایئر فونز کو مہارت کے ساتھ جوڑ رکھا تھامیڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے گئے پولیس اہلکار نے نقل سے امتحان پاس کرنے اور پکڑے نہ جانے کے لیے یہ وگ لگائی تھی جبکہ تلاشی کے دوران ’میٹل ڈیٹیکٹر‘ سے جعلی وگ کے انکشاف پر پولیس اہلکار کو دھر لیا گیا۔گرفتار ہونے والے پولیس اہلکار نے اپنے کانوں میں ایئر فونز ہونے کا خود انکشاف کیا، رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار کے کانوں میں لگائے گئے ایئر فونز کا سائز اتنا چھوٹا تھا کہ وہ خود بھی انہیں نکال نہیں پا رہا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں رواں سال ایک پولیس اہلکار امتحان کے دوران نقل کے لیے جوتوں میں لگائی ڈیوائس کے سبب پکڑا گیا تھا۔
بھارتی پولیس اہلکار کو نقل کیلئے وِگ استعمال کرنا مہنگا پڑگیا
