تازہ ترین

ویلنٹائن ڈے پر سابق پارٹنر سے انتقام کے خواہشمند لوگوں کیلیے انوکھی آفر

نیویارک – ویلنٹائن ڈے پر جہاں لوگ اپنے پیاروں سے محبت، انسیت کا اظہار اور تحائف کا تبادلہ کرتے نظر آتے ہیں وہیں امریکا کا ایک چڑیا گھر لوگوں کو اپنے سابق پارٹنرز یا ناپسندیدہ افراد کو ایک عجیب و غریب ’تحفہ‘ دینے کی پیش کش کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے علاقے برانکس میں موجود برانکس زو لوگوں کو اپنے سابق پارٹنرز سے بدلہ لینے کیلئے ماڈاگیسکر کاکروچ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

یہ چڑیا گھر 15 ڈالر کے عوض لوگوں کو لال بیگوں کا نام اپنے سابق پارٹنر کے نام سے منسوب کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ یہاں تک کہ اس میں ایک رنگین سرٹیفکیٹ بھی شامل تھا جو آپ کے سابق پارٹنر کو ای میل کیا جائے گا جس میں انہیں الطلاع دی جائے گی کہ ایک ماڈاگیسکر کاکروچ کا نام ان کے اعزاز میں رکھ دیا گیا ہے۔

ایک ٹویٹ میں برانکس زو نے پیشکش کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ویلنٹائن ڈے آنے والا ہے۔ اور ایک تحفہ ایسا ہے جسکی 6 ٹانگیں ہیں۔ جی ہاں! اپنے پیاروں کے نام پر برونکس چڑیا گھر کے ماڈاگیسکر کاکروچ کا نام رکھیں۔

چڑیا گھر کی پیشکش 2011 میں شروع کی گئی تھی جس میں کچھ لوگوں نے برانکس زو کے لال بیگوں کا نام اپنے سابق پارٹنر ​​یا سسرال والوں کے نام پر رکھا ۔ گزشتہ سال 3,246 افراد نے ویلنٹائن ڈے پروگرام کے حصے کے طور پر لال بیگوں کو نام دیا۔ ماڈاگیسکر کاکروچ تقریباً 4 انچ لمبے ہوتے ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی لال بیگوں کی نسل ہے۔