تازہ ترین

24 گھنٹے سمندر میں پھنسے شہری نے محض گھڑی کی مدد سے خود کو بچا لیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے سمندر میں تقریباً 24 گھنٹے گزارنے والے ایک شخص نے محض اپنی گھڑی کی مدد سے مچھیروں کی توجہ حاصل کرکے خود کو بچا لیا۔

نیوزی لینڈ پولیس کے مطابق شہری (جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے) کا بچ جانا ایک معجزہ ہے۔ وہ اپنی 40 فٹ لمبی کشتی میں اکیلے ماہی گیری کرنے گیا تھا اور اس دوران ایک بڑی مچھلی کو پکڑنے کے چکر میں کشتی اُلٹ گئی۔

پولیس کے مطابق شہری نے سمندر میں پوری رات گزاری ہے اور یہاں تک کہ ایک بار شارک سے بھی آمنا سامنا ہوا۔ شہری نے نیوزی لینڈ کے شمال مشرق میں 55 کلومیٹر پر واقع جزیرے ایلڈرمین تک تیرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ بالآخر تھک گیا اور لہروں کی زد میں آکر مزید دور تک چلا گیا۔

تاہم شہری کو دن کے وقت ٹیلر، مائیک اور جیمز نامی تین ماہی گیروں نے بچایا۔ جب پولیس نے تفتیش کی تو ماہی گیروں نے بتایا کہ وہ ماہی گیری کے سفر پر تھے جب انہوں نے پانی پر غیر معمولی روشنی چمکتی دیکھی۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ اس کے قریب گئے تو انہوں نے ایک آدمی کو سمندر میں پھنسا ہوا پایا اور وہ ہمیں اشارہ کرنے کے لیے سورج کے نیچے اپنی گھڑی کو ہماری جانب روشنی کی عکاسی کیلئے استعمال کر رہا تھا۔