کراچی( سن نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کر لی۔سیلف ڈیفنس فورس کسی بھی انتشار اور حملے سے بچنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر نائب صدر سندھ راجہ اظہر نے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی انتشار اور حملہ سے بچنے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی، کراچی سے سو سے زائد جوان اس فورس کا حصہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پر امن لوگ ہیں لیکن اگرمخالفین نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، پی پی کارکنان گورنر ہائوس یا قصر ناز گئے تو ہم سی ایم ہائوس اور بلاول ہائوس بھی جانا جانتے ہیں۔دوسری جانب ریڈ زون سمیت وفاقی دارلحکومت کے اہم مقامات کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر دی گئی ۔ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور او آئی سی اجلاس کے حوالے سے صورتحال کے پیش نظر دو ہزار رینجرز اور ایک ہزار ایف سی کو اسلام آباد طلب کیا گیا ہے۔رینجرز اور ایف سی کے جوان غیر معینہ مدت کے لیے اسلام آباد میں تعینات رہیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن نے آئیندہ ہفتے اسلام آباد کے ریڈ زون میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کے الگ الگ اعلانات کر رکھے ہیں۔
پی ٹی آئی نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کر لی
