تازہ ترین

ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اقدام ،مارچ 2022 تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس صحت کارڑ میسر ہوگا ،آج تک کسی حکومت نے اتنا بڑا فیصلہ نہیں کیا،وزیراعظم عمران خان

لاہور( سن نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 400ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے ہر خاندان کیلئے ہیلتھ انشورنس فلاحی ریاست کی طرف ملکی تاریخ کا سب سے بڑاا قدام ہے، مارچ 2022 تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس صحت کارڑ ہوگا جس سے وہ سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج کروا سکیں گے، خیبر پختونخوا میں ہر خاندان کو صحت کارڑ دیا جا چکا ہے جبکہ بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی ہر خاندان تک صحت کارڈ پہنچائیں گے۔وہ جمعہ کو گورنر ہاوس لاہور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین ، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت وفاقی وصوبائی وزرا اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے اس موقع پر لاہور ڈویژن کیلئے قومی صحت کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیا اور وزیراعلی پنجاب اور ان کی ٹیم کو اس انقلابی اقدام پر خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ اتنے بڑے فیصلے ہر کوئی نہیں کر سکتا، آج تک کسی حکومت نے اتنا بڑا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے پہلی دفعہ برطانیہ کے دورہ کے دوران وہاں فلاحی ریاست دیکھی ، فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جو عام آدمی کی بنیادی ضرورت پوری کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ پورا ملک خوشحال ہو، ہمارے نبی ۖﷺنے جب مدینہ کی فلاحی ریاست بنائی تو کمزور طبقہ کی ذمہ داری لی اور پہلی دفعہ ایسا ماڈل لے کر آئے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ ماڈل مسلم دنیا میں نظر نہیں آتا اور یہ ڈنمارک ، ناروے، سویڈن سمیت یورپی ممالک میں نظر آتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں یہ راستہ دکھایا کہ جو بھی انسان رحمت اللعالمین نبیۖ ﷺکے راستے پر چلے گا اللہ تعالی اسے عظمت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان میں کسی بھی یورپی ممالک سے زیادہ وسائل ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے لوگ یورپی ممالک جانے کیلئے ترستے ہیں کیونکہ وہاں خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کا واحد ملک جو اسلام کے نام پر بنا وہ پاکستان ہے لیکن ہم اس راستے پر نہیں چلے جو فلاحی ریاست کی طرف جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حکمرانوں نے تقریروں میں اور بعض نے ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کا کہا لیکن یہ ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی بھی ایشین ٹائیگر مدینہ کی ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اس راستے پر چل رہی ہے جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، اب پنجاب میں 400 ارب روپے سے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی اور یہ وقت بتائے گا کہ یہ منصوبہ میٹروبس ، اورنج ٹرین سے کہیں زیادہ عوام کو فائدہ پہنچائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں اللہ تعالی نے قرآن کریم میں حکم دیا کہ رحمت اللعالمینﷺ کے راستے پر چلو اور یہی راستہ ہمارے لئے بہتری کا راستہ ہے اور اس سے انسان بڑا انسان بنتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں انقلاب لائے گا جس سے ایک ہیلتھ سٹرکچر بن جائے گا کیونکہ پہلے حکومت کو فنڈز خرچ کر کے ہسپتال بنانے پڑتے تھے جیسے موجودہ دور میں پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر پر جتنی رقم خرچ ہو رہی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، مذکورہ منصوبہ کے بعد نجی شعبہ خود ہسپتال بنائے گا، اس کو حکومت طبی آلات کی ڈیوٹی فری درآمد، اراضی کی فراہمی سمیت مراعات فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کم آمدن والے طبقہ کیلئے بینکوں سے قرضوں کا بندوبست کیا جس کیلئے 110 ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں جبکہ 34ارب روپے لوگوں کو مل چکے ہیں، اسی طرح کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 20لاکھ خاندانوں کو اخوت کے ذریعے گھر بنانے کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں جبکہ شہروں اور دیہاتوں میں کاروبار کیلئے 5لاکھ روپے کےبلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، علاوہ ازیں احساس راشن پروگرام میں 54 فیصد آبادی کو آٹا، گھی، دالیں 30 فیصد سبسڈی کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے،ان تمام اقدامات کا مقصد ہے کہ مدینہ کی ریاست نے جو راستہ دکھایا ہم اس پر چلیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پنجاب نے دلیری کے ساتھ ہیلتھ انشورنس کے منصوبہ کو شروع کیا اور ہماری پوری تیاری ہے کہ اس منصوبہ کی راہ میں حائل مسائل کو بھی حل کریں گے اور مارچ تک پورے پنجاب کے گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں قومی صحت کارڈ تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں اب تک ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ لاہور ڈویژن میں یکم جنوری 2022، راولپنڈی ڈویژن میں 20جنوری، فیصل آباد ڈویژن میں 9فروری ، ملتان ڈویژن میں 22 فروری اور باقی ڈویژنوں میں 31 مارچ 2022 تک ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی جائے گی۔ تقریب سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی خطاب کیا۔