اسلام آباد( سن نیوز)سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی سے تعلقات پر مبہم جواب دیا لیکن پھر انہیں اچھا دوست بھی قرار دیا۔ہربھجن سنگھ سے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ایم ایس دھونی سے تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میری اُن سے شادی نہیں ہوئی ہے۔‘انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ ہر کوئی ہر بات کو اپنے زاویے سے سمجھتا اور پرکھتا ہے، میں صرف یہ بتانا چاہتا تھا کہ 2012 کے بعد بہت سی چیزیں بہتر ہو سکتی تھیں۔‘یاد رہے کہ ہربھجن سنگھ نے ایم ایس دھونی پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے لمبے عرصے تک ٹیم سے باہر رہنے میں کرکٹ بورڈ ملوث تھا۔ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ 2011 کے بعد زیادہ وقت ٹیم سے باہر رہے،جس میں کرکٹ بورڈ کا ہاتھ ہے اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی بھی اس میں ملوث ہیں۔ہربھجن نے انٹرویو میں کہا کہ انہیں دھونی سے کوئی شکایت نہیں ہے ، انہوں نے لیجنڈری وکٹ کیپر بیٹر کو ’اچھا دوست‘ بھی قرار دیا۔ہربھجن نے مزید کہا کہ اس وقت سلیکٹرز نے میرے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ہربھجن سنگھ نے دھونی کی قیادت میں بےشمار میچز کھیلے، یہاں تک کہ وہ بھارت کے دو ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈز یعنی 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور 2011 کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل تھے۔ہربھجن نے دھونی کی قیادت میں 31 ٹیسٹ، 77 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔
ہربھجن سنگھ نے ایم ایس دھونی سے تعلقات پر خاموشی توڑ دی
