تازہ ترین

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا

کیپ ٹاؤن – بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا۔ کیپ ٹاؤن میں بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ صرف 107 اوورز میں ختم ہوگیا۔

دو دن جاری رہنے والا یہ میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا ہے۔ اس سے قبل 1932 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ 656 گیندوں (109.2 اوورز) میں ختم ہوا تھا۔

بھارت نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر دو میچوں کی سیریز برابر کردی۔ جنوبی افریقا نے سنچورین میں پہلا ٹیسٹ اننگز اور 32 رنز سے جیتا تھا۔

بدھ کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 23.2 اوورز میں 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 34.5 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 176 رنز بناسکی اور یوں بھارت کو جیت کیلئے 78 رنز کا ہدف ملا جو بھارت نے صرف 12 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ جیت لیا۔