تازہ ترین

پہلا ٹی 20: پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

ڈونیڈن – پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔

ڈونیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 127 رنز بنائے۔

قومی ویمنز نے 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرشوال ذوالفقار نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فاطمہ ثنا نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا اپنی شاندار باؤلنگ کے سبب پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

قومی ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرایا جو پاکستان ویمنز کی 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 5 دسمبرکو کھیلا جائے گا۔