تازہ ترین

چوتھا ون ڈے، جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کو 164 رنز سے شکست

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں 164 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم ان دونوں دورہ جنوبی افریقہ پر موجود ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشمتل ون ڈے سیریز کھیلی جا رہی ہے۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ جبکہ جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 416 رنز بنائے، ہینرک کلاسن نے 83 گیندوں پر 174 رنز کی تیز ترین اننگ کھیل کر ٹیم کو بڑا سکور کرنے میں مدد فراہم کی، ان کی اننگ میں 13 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

دیگر بیٹرز میں ڈیوڈ ملر ناقابل شکست 82 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ راسی وین ڈیر ڈوسن نے 62 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکس اسٹوئنس، مائیکل نیسر اور ناتھن ایلس نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

417 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 34.5 اوورز میں 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ نے 164 رنز کے بڑے مارجن سے میچ میں فتح حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے الیکس کیری 99 رنز بنا کر نمایاں رہے، ٹم ڈیوڈ نے 35 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ دیگر کوئی بیٹر بڑی اننگ نہ کھیل سکا۔

لنگی نگیڈی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاگیسو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

فاتح ٹیم کے کھلاڑی ہینرک کلاسن کو ریکارڈ اننگ کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ون ڈے میں 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔