تازہ ترین

نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکےغلط مثال قائم کی، وسیم خان

لاہور: چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ نے دورے کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکے بہت غلط مثال قائم کی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ٹور ختم کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیں گے، گزشتہ 48 گھنٹے ہمارے لیے بہت مشکل تھے، ہم کچھ حقائق منظر عام پر لانا چاہتے ہیں، جمعہ کی صبح تین بجے ای ایس آئی سیکورٹی کے سربراہ رگ ڈیکاسن نے فون کال کی، انہوں نے بتایا کہ فائیو آئیز نے نیوزی لینڈ کے ڈپٹی وزیراعظم کو بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پر حملے کا خدشہ ہے۔وسیم خان نے کہا کہ ہمارے پوچھنے کے باوجود ہماری سیکورٹی ایجنسیز کو اس تھریٹ کے بارے میں نہیں بتایا گیا، ہم نے اپنی سیکورٹی ایجنسیز سے رابطہ کیا تو انہوں نے واضح کیا کہ مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی تھریٹ نہیں، جب آپ کسی دورے پر ہوں تو وہاں کی سیکورٹی ایجنسیز پر اعتماد کیا جاتا ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورے کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکے بہت غلط مثال قائم کی گئی ہے، اس فیصلے سے دونوں بورڈز کے تعلقات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، پاکستان میں موجود مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور سیکیورٹی نمائندگان نے سیکورٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، ہمارے لڑکوں نے نیوزی لینڈ میں 14 دن مشکل ترین قرنطینہ کیا، مسجد حملے کے باوجود وہاں گئے مگر سب کے سامنے واضح ہے کہ برابری کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہورہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ 5 سال انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے بہت محنت کی ہے، میں اور چیئرمین پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں