تازہ ترین

بپی لہری کی آخری رسومات میں سلمیٰ آغا کی بھی شرکت، اور کون کون آیا؟

اسلام آباد( سن نیوز)بھارت کے معروف موسیقار وگلوکار بپی لہری کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں جن میں بالی وڈ سمیت بھارت بھر سے مختلف شوبز شخصیات نے شرکت کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بپی لہری کی آخری رسومات میں جن شوبز شخصیات نے شرکت کی ان میں سلمیٰ آغا، انو رادھا، الکا یاگنک، ودیا بالن، الا ارون، بھوشن کمار، میکا سنگھ، شان، کمار سانو، شکتی کپور، روپالی گنگولی، سنیل پال اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔بپی لہری کی آخری رسومات میں بے شمار جذباتی مناظر نظر آئے، ان کے مداح شدید افسردہ اور غمزدہ تھے۔ بپی لہری کی بیٹی ریما زارو قطار روتی رہیں اور رو رو کر ان کا برا حال ہوگیا، امریکا سے آئے بپی لہری کے بیٹے بپا بھی شدید افسردہ نظر آئے۔ اداکارہ ودیا بالن بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور شدت غم سے ان کی آواز رندھ گئی اور وہ میڈیا سے بات نہ کرسکیں۔واضح رہے کہ خیال رہےکہ بپی لہری گذشتہ روز 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، میڈیا رپورٹس کے مطابق بپی کو ایک ماہ قبل صحت کے مختلف مسائل کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد انھیں 2 روز قبل اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا لیکن انتقال سے ایک روز قبل طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں دوبارہ اسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔