تازہ ترین

’تیسرے نکاح کے وقت نواسہ گود میں تھا‘

اسلام آباد( سن نیوز)پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا کہنا ہے کہ تیسرے نکاح کے وقت ان کا نواسہ گود میں تھا۔نجی نشریاتی ادارے کو حالیہ انٹرویو میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے شادی سے متعلق کئی انکشافات کیے۔ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہوں جسے زندگی میں 3 بار محبت کرنے کا موقع ملا۔عتیقہ اوڑھو نے بتایا کہ انھوں نے اپنے تیسر ے شوہر ثمر علی خان کو شادی کی پیشکش خود کی تھی۔عتیقہ اوڑھو کے مطابق ’میں ثمر علی خان کو کافی پلانے لے گئی تھی اور وہ جب کافی پی رہے تھے تو میں نے خود ثمر علی کو شادی کی پیشکش کی جس پر وہ حیران رہ گئے، انھیں لگا میں مذاق کررہی ہوں ،لیکن پھر انھوں نے کچھ دیر بعد میری پیشکش قبول کرلی۔‘اداکارہ نے بتایا کہ ’اس کے بعدہم نے خاموشی سے نکاح کا فیصلہ کیا لیکن بچوں نے کہا کہ ہم سب بھی شرکت کریں گے، ہمارا نکاح ہوا تو اس میں ثمر اور میرے بچوں ، نواسے نواسیوں سب نے شرکت کی اور جب میرا نکاح پڑھایا جارہا تھا اس وقت میرا نواسہ حسین میری گود میں تھا۔‘خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو 9 سال قبل 2013 میں ثمر علی خان کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، اس سے قبل عتیقہ اوڈھو کی دو شادیاں ناکام ہوچکی ہیں جب کہ دونوں شادیوں سے ان کے بچے اور بچیاں بھی ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ کے تیسرے شوہر ثمر علی خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اور 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔