تازہ ترین

ثنا جاوید کو ملتان اسٹیڈیم آنا مہنگا پڑگیا، شائقین کی ٹرولنگ

ملتان – قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید کو ملتان اسٹیڈیم میں شائقین نے ٹرولنگ کا نشانہ بنا ڈالا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ثنا جاوید پیر کو پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ میں اپنے شوہر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے کیلئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم آئی تھیں جہاں ان کو ایک ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے ثنا جاوید کو دیکھ کر ’ثانیہ مرزا‘ کے نعرے لگائے جس پر ثنا جاوید کچھ پریشان نظر آئیں تاہم انہوں نے بظاہر خود کو قابو میں رکھا۔

سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں ثنا جاوید کو ثانیہ مراز کے نعرے لگانے پر تماشائیوں کی طرف متوجہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

آل راؤنڈر شعیب ملک پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ اپنے پہلے میچ میں انکی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم شعیب ملک نے ذاتی طور پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال 10 جنوری کو ثنا جاوید اور شعیب ملک نے ایک دوسرے سے شادی کی تصدیق کی تھی۔

شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔

دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں لیکن دونوں اسٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے نکاح کیا تھا، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں جبکہ سال 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی۔