تازہ ترین

روہت شیٹھی نے کامیڈی فرنچائز فلم ’گول مال 5‘ بنانے کی تصدیق کردی

ممبئی – بالی وڈ کے نامور ہدایت کار روہت شیٹھی نے بلاک بسٹر کامیڈی فرنچائز کی نئی فلم ’گول مال 5‘ بنانے کی تصدیق کردی۔

اجے دیوگن، تبو، ارشد وارثی، کنال کھیمو، شریاس تلپڑے، تشار کپوراور پرینیتی چوپڑا جیسے بڑے ستاروں پر مشتمل مشہور کامیڈی فلم سیریز ’گول مال‘ کے چوتھے سیکوئل نے 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے اپنی فرنچائز کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

روہت شیٹھی آج کل اپنی پہلی او ٹی ٹی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کی تشہیری مہم میں مشغول ہیں اور انہوں نے ’گول مال 5‘ پر کام شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ہدایت کار کا کہنا تھا کہ ’گول مال5‘ ضرور بنے گی اور وہ اس پر جلد کام شروع کریں گے جبکہ اگلے دو برس میں یہ ناظرین کے سامنے آجائے گی۔

روہت شیٹھی نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ اگر انہیں ایک اچھی کہانی ملی تو وہ ایکشن فلموں کے علاوہ ’چنائے ایکسپریس‘ جیسی فلم بنانے کو بھی تیار ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ڈائریکٹر کی ڈیبیو ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ 19 جنوری کو پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی جس میں سدھارتھ ملہوترا، شلپا شیٹھی اور ویویک اوبرائے مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔