تازہ ترین

بھارتی اداکارہ رادھیکا آپٹے کو ایئرپورٹ عملے نے قید کردیا

بھارت – ایئرپورٹ عملے نے پرواز میں تاخیر ہونے کے پیشِ نظر بالی ووڈ اداکارہ رادھیکا آپٹے کو مسافروں سمیت ایرو برج کے اندر بند کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رادھیکا آپٹے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں وہ دیگر مسافروں کے ہمراہ ایئرپورٹ کے ایرو برج کے اندر موجود ہیں۔

رادھیکا آپٹے نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “آج صبح 8 بجکر 30 منٹ پر میری پرواز نے اُڑان بھرنی تھی لیکن میری پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی اور ایئرپورٹ عملے نے مجھ سمیت تمام مسافروں کو ایرو برج میں ڈال کر ہمیں اندر بند کردیا”۔

اداکارہ نے کہا کہ “ایرو برج کے اندر بند مسافروں میں چھوٹے بچوں سمیت بوڑھے مسافر بھی شامل ہیں، یہاں پینے کے لیے پانی نہیں ہے اور نہ ہی کھانے کے لیے کچھ ہے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ایئرپورٹ عملہ یہی کہتا رہا کہ پرواز میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ عملہ تبدیل کرنا پڑا، نیا عملہ ابھی تک نہیں پہنچا اور ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ عملہ کب تک پہنچے گا”۔

رادھیکا آپٹے نے مزید کہا کہ “میں نے ایئرپورٹ عملے کی ایک بدتمیز خاتون سے بات کرنے کی کوشش کی تو وہ یہی کہتی رہی کہ کوئی مسئلہ نہیں ہے اور کوئی تاخیر نہیں ہے”۔

واضح رہے کہ رادھیکا آپٹے نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بھارت کے کونسے شہر کے ایئرپورٹ پر موجود تھیں اور نہ ہی اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں ایئرلائن کا نام بتایا۔