تازہ ترین

شاہ رخ خان نے کام کیلئے بالی ووڈ فلمساز سے بھیک مانگ لی

نئی دہلی – بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اُن کے ساتھ فلم کرنے کے لیے بھارتی ہدایتکار منی رتنم سے بھیک مانگ لی۔

2023 میگا اسٹار شاہ رخ خان کے کیریئر کا بہترین سال ثابت ہوا کیونکہ اداکار نے اپنے مداحوں کو ایک کے بعد ایک بلاک بسٹر فلمیں دیں، جن میں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ شامل ہیں۔

ان سُپر ہٹ فلموں کی کامیابی کے اعزاز میں 10 جنوری کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔

شاہ رخ خان نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے تقریر بھی کی جس میں اُنہوں نے اپنی زندگی کے حالیہ مشکل سالوں کے بارے میں بات کی، جب اُن کے بڑے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں جیل کاٹنی پڑی اور اداکار کی فلمیں بھی فلاپ ہوئی لیکن اُنہوں نے ہمت نہیں ہاری اور خاموشی سے اپنی محنت جاری رکھی جس کا کامیاب نتیجہ اُنہیں سال 2023 میں ملا۔

اسی تقریب میں شاہ رخ خان نے ماضی کی اپنی سُپر ہٹ فلم ‘دل سے’ کے ہدایتکار منی رتنم کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سامعین میں بیٹھے ہدایتکار منی رتنم سے مخاطب ہوتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ “میں آپ سے درخواست کررہا ہوں، آپ سے بھیک مانگ رہا ہوں کہ میرے ساتھ ایک فلم کرلیں”۔

شاہ رخ خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ “میں نے آپ کی فلم ‘دل سے’ کے گانے ‘چل چھیاں چھیاں’ میں ریل گاڑی کی چھت پر کھڑے ہوکر ڈانس کیا تھا لیکن میں اب آپ کے لیے جہاز کی چھت پر بھی ڈانس کرلوں گا”۔

اداکار نے ہدایتکار منی رتنم کے ہمراہ بیٹھیں اُن کی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ روزانہ رات کو سونے سے پہلے ان کے سامنے بار بار شاہ رخ، شاہ رخ بولا کریں تاکہ یہ میرے ساتھ فلم کرلیں”۔

یہ بات سُن کر ہدایتکار منی رتنم نے بھی ہنستے ہوئے شاہ رخ خان سے کہا کہ “جب تم اپنا ذاتی جہاز خرید لو گے تو میں تمہارے ساتھ فلم کروں گا”۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ “جس طرح میری فلمیں کامیاب ہورہی ہیں تو میرا ذاتی جہاز زیادہ دور نہیں، آپ تیار رہیں، میں بہت جلد اپنے ذاتی جہاز کے ساتھ آرہا ہوں”۔

واضح رہے کہ منی رتنم کی ہدایتکاری میں بننے والی سُپر ہٹ فلم ‘دل سے’ میں شاہ رخ خان کے ہمراہ منیشا کوئرالہ اور پریتی زنٹا نے کام کیا تھا جبکہ فلم کے مقبول ترین گانے ‘چل چھیاں چھیاں’ میں شاہ رخ خان نے ملائکہ اروڑا کے ساتھ چلتی ہوئی ریل گاڑی کی چھت پر کھڑے ہوکر ڈانس کیا تھا۔

فلم ‘دل سے’ سال 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، 25 سال گزرنے کے باوجود بھی فلم اور اس کے گانے آج بھی مقبول ہیں جبکہ یہ پریتی زنٹا کی ڈیبیو فلم تھی، اسی فلم سے اُنہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کامیاب کیریئر کا آغاز کیا تھا۔