تازہ ترین

ماہرہ نے شادی پر نہیں بلایا، بلاتی بھی تو نہ جاتا، خلیل الرحمان قمر

لاہور – بے شمار پاکستانی ڈراموں کے لکھاری خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنی شادی میں مدعو نہ کرنے پر شکوہ کر ڈالا۔ حال ہی میں خلیل الرحمان قمر نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر بے باک انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ماہرہ خان کی شادی کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے شکوہ کیا کہ ماہرہ نے مجھے شادی پر مدعو نہیں کیا، لیکن اگر وہ مجھے مدعو کرتیں بھی تو میں کبھی نہ جاتا، ماضی میں ماہرہ نے میرے خلاف ٹویٹ کر کے غلطی کی، اگر اسے میری رائے سے اختلاف تھا تو ٹویٹ کے بجائے مجھ سے رابطہ کرتیں میں دلائل دے سکتا تھا۔

خیال رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف سخت زبان استعمال کی تھی جس پر شوبز شخصیات نے ان پر خوب تنقید کی تھی جس میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ بھی کبھی روئے ہیں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ میں زندگی میں ایک مرتبہ خوب رویا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ میری اڑھائی سالہ بیٹی نے غلطی سے پٹرول پی لیا جس کی وجہ سے وہ انتقال کر گئی تھی۔