تازہ ترین

محب مرزا کو صنم سعید سے کب محبت ہوئی ؟ اداکار نے بتا دیا

کراچی – پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار محب مرزا نے صنم سعید سے ہونے والی اپنی محبت کے بارے میں بتا دیا ہے۔ اداکارہ آمنہ شیخ سے طلاق کے بعد محب مرزا نے اپنی ساتھی اداکارہ صنم سعید کے ساتھ دوسری شادی کی، ان کی شادی کو کچھ عرصے کیلئے خفیہ رکھا گیا تھا تاہم انہوں نے رواں سال باضابطہ طور پر اپنی شادی کی تصدیق کر دی تھی۔

حال ہی میں محب مرزا نے اپنی اہلیہ صنم سعید کے ساتھ محبت میں گرفتار ہونے کے بارے میں اپنے جذبات کو کھل کر بیان کیا۔

محب مرزا کے ٹی وی شو میں ندا یاسر اور شائستہ لودھی نے بطورِ مہمان شرکت کی جس میں ندا یاسر نے اداکار سے سوال کیا کہ ’اُنہیں صنم سعید سے محبت کب ہوئی؟‘

اس سوال کے جواب میں محب مرزا نے کہا کہ ’جب، میں اور صنم سعید اپنے ڈرامہ سیریل ’دین‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے تو اسی دوران میرے دل میں صنم کیلئے محبت بھرے جذبات پیدا ہوئے‘۔

محب مرزا نے مزید کہا کہ ’ایک اونچے قد والی لڑکی میرے سامنے تھی اور مجھے اُن سے محبت ہوگئی تھی‘۔ واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں محب مرزا اور صنم سعید نے اپنی شادی کی خبر کی تصدیق نجی ٹی وی چینل کے شو میں کی تھی۔