تازہ ترین

‘سانس مفت ہے، اس پر بھی کوئی ٹیکس ہوجائے تو مزہ آجائے’، فہد شیخ کا وزیراعظم پر طنز

اسلام آباد (سن نیوز)اداکار فہد شیخ نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اداکار نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کے لیےخصوصی اسٹوری پوسٹ کی اور ان کے لیے پیغام جاری کیا۔فہد شیخ نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ‘کیا آپ لوگ واقعی سنجیدہ ہیں؟’انہوں نے شہباز شریف کو مینشن کیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘کچھ رحم کردیں، سانس مفت ہے، اس پر بھی کوئی ٹیکس ہوجائے تو مزہ آجائے’۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان گزشتہ رات کیا۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔