تازہ ترین

زرنش خان نے میرا کی انگریزی کا مذاق اڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد( سن نیوز)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زرنش خان نے فلم اسٹار میرا کی انگریزی کا مذاق اُڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔حال ہی میں جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں اداکارہ میرا سمیت دیگر شوبز ستاروں نے شرکت کی۔ایوارڈ شو کی تقریب سے میرا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے قہقہوں کا مرکز بن گئی۔میرا کی ویڈیو پر صارفین کا مزاحیہ ردّعمل دیکھ کر زرنش خان خود کو روک نہ سکیں اور اُنہوں نے اداکارہ کا ساتھ دینے کے لیے انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کردی۔زرنش خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ناقدین سے تنگ آتے ہوئے لکھا کہ ’بس کردو فارغ عوام۔‘اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ وہ تمام لوگ جو اس طرح کے میمز یا ویڈیو کٹس بناتے ہیں وہ خود بیوقوفوں کا ایک گروپ ہیں، جو شاید اردو بھی روانی سے نہیں بول سکتے پھر انگریزی کو تو چھوڑ ہی دیں۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’آپ کو کوئی حق نہیں کہ آپ کسی کی شخصیت کا مذاق اڑائیں، اگر مِیرا انگریزی اچھی نہیں بول سکتیں تو کیا یہ جرم ہے؟‘زرنش خان نے صارفین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ اس زبان کو کتنی اچھی طرح جانتے ہیں؟ کیا آپ کھلے چیلنج کے لیے تیار ہیں؟ میں شرط لگاتی ہوں کہ آپ میں سے کوئی انگریزی بولنے میں ماہر نہیں لہٰذا براہِ کرم! دوسروں کا مذاق اُڑانا بند کریں۔‘