تازہ ترین

آریان خان ضمانت نہ ملنے کے باعث جیل منتقل؛ قیدی نمبرالاٹ کردیا گیا

ممبئی( سن نیوز)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہ ہوسکی جس کے بعد انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہ ہوسکی۔ ممبئی کروز ڈرگز کیس میں عدالت نے دلائل سننے کے بعد آریان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ جس کے بعد آریان خان کو ممبئی کی سینٹرل جیل جسے آرتھر روڈ جیل بھی کہا جاتا ہے منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ 20 اکتوبر تک یعنی مزید 6 دن رہیں گے۔جیل ذرائع کے مطابق آریان خان جیل میں پریشان، تناؤ اور بے آرامی کا شکار نظر آتے ہیں۔ ممبئی کروز ڈرگز کیس کے تمام ملزمان کو سیکیورٹی خدشات کی وجوہات کی بنا پردوسرے قیدیوں سے الگ بیرک میں رکھا گیا ہے۔کووڈپروٹوکول کے مطابق ڈرگز کیس کے تمام ملزمان کو بدھ تک قرنطینہ سیل میں رکھا گیا تھا۔ لیکن اب ان کا قرنطینہ کا وقت ختم ہوچکا ہے اور آریان سمیت تمام ملزمان کے کووڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں عام بیرکوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ جیل منتقلی کے بعد جمعرات کو آریان خان کو قیدی نمبر ’’N956 ‘‘ الاٹ کردیا گیا ہے
جیل کے اندرونی ذرائع کے مطابق آریان خان جیل کا عام کھانا کھارہے ہیں لیکن اسے پسند نہیں کررہے تاہم انہیں باہرکا کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہے۔اس کے علاوہ آرتھر جیل روڈ کی انتظامیہ کو آریان کی فیملی کی جانب سے ساڑھے 4 ہزار روپے کا منی آرڈر موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔ یہ پیسے آریان کے کینٹین کے اخراجات کے لیے ہیں۔ جیل قوانین کے مطابق ایک قیدی کے لیے ایک ماہ میں صرف ساڑھے چار ہزار روپے کے منی آرڈر کی ہی اجازت ہے۔آرتھر روڈ جیل میں قیدیوں کو صبح 6 بجے اٹھایا جاتا ہے۔ صبح 7 بجے ناشتہ اور 11 بجے دوپہر کا کھانا دیاجاتا ہے۔ قیدیوں کو ڈنر یعنی رات کا کھانا شام 6 بجے دیاجاتا ہے جس کے بعد بیرکوں کو بند کردیا جاتا ہے۔دوپہر کے وقت قیدیوں کو جیل کے وسط میں واقع کھلے علاقے میں گھومنے کی اجازت ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل حکام 24 گھنٹے آریان خان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عدالت 20 اکتوبر کو آریان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناسکتی ہے اور اس وقت تک آریان 24 گھنٹے جیل حکام کی نگرانی میں جیل کے اندر رہیں گے۔
آریان کو گرفتار کیوں کیا گیانارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان اس وقت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔این سی بی کی جانب سے کروز پارٹی منشیات کیس میں اب تک 18 مرد اور2 خواتین سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کو دیگر قیدیوں سے الگ بیرکوں میں رکھا گیا ہے۔