تازہ ترین

احسن خان مداح کیساتھ تصویر نہ بنوانے پر تنقید کی زد میں

اسلام آباد( سن نیوز)پاکستانی معروف اداکار احسن خان پر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔گزشتہ دنوں خود کو برٹش ایشیئن اداکار کہنے پر احسن خان کو انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا جبکہ اب اپنے ایک اور نامناسب عمل کے سبب احسن خان تنقید کی زد میں ہیں۔سوشل میڈیا پر احسن خان کی ایک مختصر سی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں رمضان ٹرانسمیشن میں وقفے کے دوران ہاتھ میں تسبیح لیے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وقفے کے دوران موقع پاکر ایک مداح اُن کے پاس آتا ہے اور سلام دعا کے بعد احسن خان سے تصویر بنوانے کی گزارش کرتا ہے ۔احسن خان اس ویڈیو میں نہایت سرد مہری سے اس مداح سے ملتے ہیں اور پیچھے ہٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔مداح کے ساتھ تصویر بنوانے کے بجائے احسن خان ایک سرد اور طنزیہ سی ہنسی چہرے پر سجائے ہاتھ کے اشارے سے مداح کو وہاں سے جانے کا کہتے ہیں اور خود بھی چلے جاتے ہیں۔اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں مداحوں کی جانب سے احسن خان پر خوب تنقید کی جارہی ہے۔