تازہ ترین

اسٹار لنک فون سروس کے لیے پہلا سیٹلائٹ لانچ کردیا گیا

کیلیفورنیا – ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایکس نے اسٹار لنک فون سروس کے لیے پہلا سیٹلائٹ لانچ کر دیا۔ یہ سیٹلائٹ صارفین کو زمین پر موجود موبائل ٹاور سے رابطہ نہ ہونے کی صورت میں اسپیس انٹرنیٹ نیٹورک سے جوڑ سکے گا۔

اسٹار لنک کی یہ ڈائریکٹ ٹو سیل سروس صارفین کو خلاء سے فون تک براہ راست سگنل بھیج کر وائس، ٹیکسٹ اور ڈیٹا کنیکٹیویٹی اس وقت فراہم کرے گی جب وہ ’ڈیڈ زون‘ یعنی ایسے مقام پر ہوں گے جہاں موبائل ٹاور کے ذریعے رابطہ ممکن نہیں ہوگا۔

امریکا میں فون کیریئرز کے ساتھ اشتراک ہونے کی وجہ سے عام 4 جی ایل ٹی ای اسمارٹ فون بغیر کسی اضافی ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر کے نئے اسٹار لنک نیٹورک سے جڑ سکیں گے۔

اسٹار لنک کی ویب سائٹ کے مطابق ڈائریکٹ ٹو سیل صلاحیت کے ساتھ اسٹار لنک سیٹلائٹ دنیا میں کسی بھی مقام سے پیغام بھیجنا، کال کرنا اوربراؤزنگ کرنا ممکن بنائے گا۔

ویب سائٹ پر مزید بتایا گیا کہ ڈائریکٹ ٹو سیل موجودہ ایل ٹی ای فون میں ہر اس جگہ کام کر سکتا ہے جہاں سے آسمان دیکھا جا سکتا ہو۔ بلا تعطل انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے کسی بھی ہارڈ ویئر، فرم ویئر یا کسی خصوصی ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

2024 میں یہ سروس صرف ٹیکسٹ کی سہولت فراہم کرے گی جبکہ کال اور ڈیٹا کی سہولیات 2025 میں متعارف کرائی جائیں گی۔