تازہ ترین

یوٹیوب کا 36 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا – ویڈیو اسٹریمنگ سروس یوٹیوب کی جانب سے مختلف پلیٹ فارم کے صارفین کے لیے 36 نئے فیچرز اور ڈیزائن اپ ڈیٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایلفا بیٹ کی ذیلی کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے ان فیچرز کے بعد صارفین کو بہتر والیم کنٹرول، ویڈیو کی تلاش میں بہتری اور ویڈیو کو لائک یا چینل کو سبسکرائب کرنے کے کا بہتر تجربے کا احساس ہوگا۔

یوٹیوب کی جانب سے اکاؤنٹ تفصیلات کے ساتھ نیا یو ٹیب اور صارف کی واچ ہسٹری کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں یوٹیوب کے پروڈکٹ منیجمنٹ ڈائریکٹر میتھیو ڈربی کا کہنا تھا کہ سروس نے اسٹیبل والیم نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد ویڈیو دیکھتے وقت آواز میں باآسانی اتار چڑھاؤ ہے۔ یہ سیٹنگ صارف کے لیے جاری کی جا چکی ہے جس کو ویڈیو سیٹنگ مینو میں ایڈیشنل سیٹنگز میں اسٹیبل والیم کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق ویڈیو دیکھتے وقت دوسری ویڈیو کی تلاش کے عمل کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔ جبکہ پورٹریٹ یا فل اسکرین موڈ میں ویڈیو دیکھتے وقت صارفین اسکرین کو دائیں جانب سے دبا کر رکھیں گے تو ویڈیو دُگنی رفتار سے چلنے لگے گی۔ ایسا تب تک ہوگا جب تک اسکرین کو چھوڑ نہ دیا جائے گا۔

ساتھ ہی ویڈیو دیکھتے وقت صارف اپنا موبائل اور ٹیبلٹ لاک بھی کر سکتے ہیں تاکہ حادثاتی طور پر اسکرین چھونے سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ ویڈیو کے دوران تخلیق کار جب بھی ویڈیو لائک کرنے یا چینل کو سبسکرائب کرنے کا کہے گا تب یہ بٹن واضح ہوں گے۔ مزید یہ کہ ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے ابتدائی 24 گھنٹوں کے بعد صارفین ویڈیو کاؤنٹس اپ ڈیٹ دیکھ سکیں گے۔ یوٹیوب کی اسکرین پر نیچے کی طرف دائیں جانب ایک نیا یو ٹیب بھی متعارف کرانے جا رہا ہے۔