تازہ ترین

ٹک ٹاک میں کم عمر صارفین تک نامناسب مواد کی رسائی روکنے کیلئے نئے فیچرز متعارف

اسلام آباد (سن نیوز)مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین تک نامناسب مواد کی رسائی روکنے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔ان میں سے ایک نئے فیچر سے صارفین فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ان کے ‘فار یو’ فیڈ میں کیسا مواد نظر آنا چاہیے۔اس فیچر سے وہ مخصوص الفاظ یا ہیش ٹیگ خودکار طور پر فلٹر ہوجائیں گے جن پر مبنی مواد وہ اپنی فیڈ میں دیکھنا نہیں چاہتے۔کمپنی کے مطابق اس فیچر کے مختلف ورژنز کی آزمائش گزشتہ سال سے کی جارہی ہے۔ایک نئی تبدیلی ‘thematic maturity’ ہے جس کو کمپنی کانٹینٹ لیول فلٹر قرار دیا ہے جس کا مقصد 13 سے 17 سال کی عمر کے صارفین تک بالغ مواد کی رسائی کو بلاک کرنا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ ہم ہمیشہ ایپ میں سیفٹی سسٹمز کو بہتر کرتے رہتے ہیں تاکہ ہمارے صارفین اپنے پسندیدہ مواد سے لطف اندوز ہوسکیں۔بیان کے مطابق ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پلیٹ فارم پر موجود کچھ مواد دیکھنا ہر ایک کے لیے قابل اطمینان نہیں ہوتا اور کانٹینٹ لیول سے نوجوانوں تک ایسے مواد کی رسائی کو روکنا ممکن ہوسکے گا۔ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ اس کی جانب سے مزید فلٹرنگ آپشنز کی تیاری کا سلسلہ آنے والے مہینوں میں بھی جاری رہے گا۔