تازہ ترین

بلوچ کلچر ڈے، جرمن قونصل جنرل و اہلیہ بلوچی لباس میں بلوچی بولتے نظر آئے

اسلام آباد( سن نیوز)پاکستان میں آج بلوچ کلچرل ڈے منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں کراچی میں بھی مختلف تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔اس موقع پر بلوچ قوم سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے دیدہ زیب بلوچی لباس زیب تن کیے اور قونصلیٹ کے بلوچ ملازمین کے ساتھ بلوچی زبان میں تبادلۂ خیال کیا۔اس سلسلے میں جرمن قونصلیٹ کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔بلوچ کلچرل ڈےکے موقع پر کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر، ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر قونصلیٹ کے بلوچ ملازمین کے ہمراہ بلوچی لباس زیبِ تن کیے ہوئے ہیں۔بلوچ کلچرل ڈےکے موقع پر کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر، ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر قونصلیٹ کے بلوچ ملازمین کے ہمراہ بلوچی لباس زیبِ تن کیے ہوئے ہیں۔ویڈیو میں جامنی لباس پہننے والا بلوچی نوجوان محمد حنیف اور سفید پوش محمد شاکر سے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر بلوچی زبان میں مخاطب ہیں۔ویڈیو کے مطابق بلوچی زبان میں محمد شاکر حنیف سے کہتے ہیں کہ ’’بلوچ کلچرل ڈے آ گیا۔‘‘محمد حنیف نے جواب میں کہا کہ ’’ہاں، چلو اسے مناتے ہیں۔‘‘محمد شاکر نے کہا کہ ’’میں نے اپنے باس جرمنی کے قونصل جنرل اور ان کی اہلیہ کو بلوچ قومی لباس پہننے پر آمادہ کیا ہے۔‘‘محمد حنیف نے کہا کہ ’’واہ، یہ تو اچھی بات ہے!‘‘محمد شاکر نے کہا کہ ’’وہ آ گئے‘‘، اس موقع پر ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر وہاں آ جاتے ہیں۔ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر کو دیکھ کر محمد شاکر نے محمد حنیف سے کہا کہ ‘‘دیکھو! انہوں نے ہماری پگڑی کو جرمن پرچم کے رنگوں، سیاہ، سرخ اور سنہری رنگوں سے کیسے آراستہ کیا ہے، کیا یہ خوبصورت نہیں؟‘‘محمد حنیف نے کہا کہ ’’ہاں، یہ بہت اچھا لگا ہے!‘‘اس موقع پر جرمن قونصلیٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید دنیا میں ثقافتی تبادلے اور مکالمے بین الاقوامی تعلقات کے لازمی اجزاء ہیں، ثقافتی تبادلہ جرمنی میں زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، لوگوں کو مثبت انداز میں شامل کرنے کا یہ ایک شاندار طریقہ ہے۔ترجمان جرمن قونصلیٹ نے کہا ہے کہ ثقافتوں کے تنوع کی تعریف کرنے کے لیے، ثقافت کے عناصر مثال کے طور پر کھانا، موسیقی، رقص، فن اور لباس کا تجربہ افراد کو کرنا پڑتا ہے تاکہ دیگر ثقافتوں کی حکمت اور نفاست کو محسوس کیا جا سکے۔جرمن قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسی لیے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان کے ناقابلِ یقین تنوع کا جشن مناتے ہوئے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے جرمن رنگوں میں بلوچی کپڑے پہنے۔