تازہ ترین

نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کا معاملہ، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا ایم ایس معطل

لاہور(نیشنل ٹائمز) لندن میں بیٹھے سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں ویکسی نیشن کے جعلی اندراج پر ایم ایس کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ڈاکٹر احمد ندیم اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے دونوں افسران کی معطی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی چار رکنی تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوررونا ویکسی نیشن ڈیٹا چوکیدار اور وارڈ بوائے رجسٹرڈ کرتے رہے، سینٹر پر تعینات عملہ غیر تربیت یافتہ تھا۔رپورٹ میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ویکسی نیشن سینٹر سے متعدد اندراج کو کینسل کیئےجانے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں کسی قسم کا آن لائن یا مینول چیک اینڈ بیلنس موجود ہی نہیں تھا۔اس سے قبل نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن کے معاملے پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ تھانہ گجر پورہ میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے معطل ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ اس مقدمے میں ہسپتال کے چوکیدار ابوالحسن، وارڈ سرونٹ رفیق عادل اور شہری نوید کو نامزد کیا گیا ہے۔