تازہ ترین

موجودہ مالی حالات میں آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد – وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اہم مذاکرات کیلئے جلد رسمی درخواست کرے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رواں مالی سال مشکل ثابت ہوگا۔ پاکستان کے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول مذاکرات رواں ہفتے شروع ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے استعمال کریں گے۔

ادھر وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اور نگزیب کی زیر قیادت پاکستان کا وفد 15 سے 20 اپریل تک امریکا کا دورہ کریں گے۔ وفد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سینئر حکام بھی شامل ہوں گے۔

یہ وفد دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن میں 17 سے 19 اپریل کے دوران ہونے والے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرلی جب کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا۔