تازہ ترین

وفاقی کابینہ نے آرمی چیف کو ترکیہ حکومت کا اعلیٰ فوجی ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد – وفاقی کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ترک حکومت کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ملٹری ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزرا نے شرکت کی۔ اس دوران وزیراعظم نے اپنی ٹیم اور سول سرونٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افراد کے درمیان تعاون اور خدمات کے اعزاز میں ترکیہ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ’ترکش آرمڈ فورسز لیجئن آف میرٹ‘ ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران حکومت کے مختصر عرصے کے دوران اپنی کابینہ اور سول سرونٹس کی ان تھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت کے مختصر وقت میں کابینہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم منتخب حکومت کے لئے ایک ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام اور قومی مفاد کے لئے مفید ثابت ہو گا۔ نگران حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسی سازی میں ملکی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کے ترقی و استحکام کے لئے مل کر کام کرنا ہے، وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پرمحترمہ لبنیٰ فاروق ملک کی ڈیپوٹیشن بطور ڈائریکٹر جنرل، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی مدت میں مورخہ 9 جون 2023سے 8 جون 2024 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق حکومت پاکستان اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچر انوویشن، متحدہ عرب امارات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔

اس مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلا پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول ستمبر 2024 میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان میں کھجور کی پیداوار کا فروغ ہے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے13 اور 14 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات کے16 فروری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے سولہ فروری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔