تازہ ترین

سندھ میں نیا سیاسی اتحاد؛ جی ڈی اے، پی ٹی آئی، جے آئی کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان

کراچی – عام انتخابات کے بعد حکومت سازی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مابین مذاکرات ہونے کے بعد اب سندھ میں ایک نیا سیاسی اتحاد جنم لے رہا ہے جس کے تحت جی ڈی اے، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سندھ کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدر الدین شاھ راشدی سے ان کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر باہمی تعاون کے حوالے سے غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج کی ملاقات میں جی ڈی اے ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ملاقات میں جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدر الدین شاھ راشدی نے رہنماؤں کو جی ڈی اے کے 23 فروری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں اس بات پر غور ہوا کہ اپوزیشن کی سخت گیر تحریک کی وجہ سے حکومت اور الیکشن کمیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،اور اس بات کا امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس برائے حلف برداری کا اعلان اچانک کردیا جائے گا۔

ملاقات میں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ اس صورت میں عوام اور تمام جماعتوں کے کارکن اس دن سندھ بھر میں سخت احتجاج کرینگے۔ ملاقات میں 23 فروری کے اجلاس میں اس حوالے سے غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔