تازہ ترین

ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد – چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ جب محسوس ہوگا سکیورٹی کا مسئلہ نہیں تو انٹرنیٹ کھول دیا جائے گا۔

ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اپنا نظام ہے، الیکشن کمیشن کا انٹرنیٹ سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن کمیشن انٹرنیٹ بندش کا ذمہ دار نہیں ہے، ہمارا اپنا سسٹم کام کر رہا ہے، ہم حکومت سے رابطے میں ہیں، الیکشن کمیشن بہت مضبوط ہے، انٹرنیٹ کا معاملہ ہمارا مینڈیٹ نہیں ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں، پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا، یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ کیا ووٹرز کو آج ہی 8300 پر ووٹ چیک کرنا تھا، الیکشن اسکیم جاری ہونے کے بعد ووٹرز کو اپنا ووٹ چیک کرنا چاہیے تھا۔

سکندر سلطان کا کہنا تھا کہ کہیں سکیورٹی کا مسئلہ ہے تو الیکشن کمیشن کیوں ہدایت دے کہ انٹرنیٹ بحال کریں، رزلٹ کے اعلان کا بہترین نظام موجود ہے، نتائج 8 بجے بھی آسکتے ہیں اور 9 بجے بھی، ای ایم ایس سسٹم میں صوبائی حلقوں کے لیے 3 اور قومی کے لیے 4 ورک اسٹیشن ہیں۔