تازہ ترین

پی ٹی آئی کا ‘پلان بی’ دھوکے بازی اور قانون کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد – الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سامنے آنے والا پلان بی دھوکے بازی اور قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی دوسری پارٹی کے امیدوار کو کوئی دوسرا انتخابی نشان نہ دیا جائے۔ ای سی پی کے ساتھ دھوکا دہی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ریٹرننگ افسران دوسرا انتخابی نشان الاٹ نہ کریں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اکثر امیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں الیکشن کمیشن کودھوکا دیا جارہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ جو امیدوار کسی اور جماعت کا رکن ہو اور دوسری جماعت کا نشان مانگے اسے وہ نہ دیاجائے۔ آر اوز ایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہوسکتا جب کہ پی ٹی آئی نے اپنے امیدواروں کو ہدایت کی تھی کہ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس ریٹرننگ افسران کے دفاترمیں جمع کروائیں۔ تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نشان بلے باز ہے۔