تازہ ترین

ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت بھی انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے، سپریم کورٹ جموہریت کو ڈی ریل ہونے سے بچائے گی۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے آر اوز کا ہونا ضروری ہے، ہماری درخواست یہ تھی کہ آر اوز جوڈیشل سے لیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر سختیاں ہو رہی ہیں، تحریک انصاف کو کٹہرے میں نہیں کھڑا کیا جا سکتا۔ عمران خان پر کیس بوگس اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر ہے۔ ان کی فیملی کے خلاف کیسز کرکے انہیں جیل میں ڈالا جا رہا ہے تاکہ کوئی کمپرومائز کی صورت پیدا ہو۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچایا جائے۔ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کروانے کا کہہ کر اچھا اقدام کیا۔ عوام کا حق ہے کہ وہ کس کو چننا چاہتے ہیں ۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔