تازہ ترین

بجلی چوری کرنے پر ایف آئی آر ہوگی، صدر مملکت نے کریمنل لا ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا

اسلام آباد – صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کریمنل لاء ترمیمی آرڈیننس 2023 کی منظوری دے دی جس کے بعد اب بجلی چوری پر ایف آئی آر درج کی جاسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق آرڈیننس کا مقصد پاکستان پینل کوڈ 1860 کے سیکشن 462 (O) میں ترمیم کرنا ہے کیونکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو اس سے قبل بجلی چوری کے واقعات کی ایف آئی آرز درج کرانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

نئے آرڈیننس کے تحت بجلی چوری کے واقعات قابل دست اندازی جرم ہوں گے۔ آرڈیننس کے بعد بجلی چوری نہ صرف گریڈ 17 يا اُوپر کے افسر بلکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کے نامزد کردہ افراد کی شکایت پر قابل دست اندازی جرم ہوگی۔

صدر مملکت نے آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 89 ایک کے تحت جاری کیا۔ آرڈیننس سے توانائی کے شعبے میں ہونے والی تقریباً 590 ارب روپے کی بجلی چوری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔