تازہ ترین

توشہ خانہ تحائف کی فروخت:بشریٰ بی بی کو نیب کا فائنل کال اپ نوٹس

اسلام آباد – توشہ خانہ تحائف کی غیر قانونی فروخت سے متعلق کیس میں نیب نے بشریٰ بی بی کو فائنل کال اپ نوٹس جاری کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق قومی احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ تحائف کی غیر قانونی فروخت کی تحقیقات میں سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو فائنل کال اپ نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر 11 دسمبر کو صبح 10 بجے طلب کرلیا۔

بشریٰ بی بی کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جب وزیراعظم تھے تو غیر ملکی معززین سے آپ کو لاکھوں روپے مالیت کے تحفے ملے۔ بشریٰ بی بی نے 2019ء میں ایک لاکٹ، بالیاں اور بریسلیٹ وصول کیا جب کہ 2020ء میں انہیں نیکلس، بریسلیٹ، انگوٹھی اور بالیوں کے تحفے ملے۔ 2021ء میں نیکلس، بالیاں، انگوٹھی اور گھڑی بھی ملی۔