تازہ ترین

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 2 اہلکار شہید

راولپنڈی – انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی ساختہ بم دھماکہ میں 2 سپاہی وطن پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق قافلے پر بم دھماکہ شمالی وزیرستان ضلع کے علاقے رزمک میں ہوا، دھماکے کے نتیجے میں دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے لانس نائیک احسان بادشاہ کی عمر 33 سال، تعلق ضلع کرک سے تھا جبکہ لانس نائیک ساجد حسین کی عمر 30 سال اور ان کا تعلق ضلع کرم سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔