تازہ ترین

اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج، کراچی میں “فلسطین مارچ”

کراچی – فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی میں شاہراہ فیصل نرسری بس اسٹاپ پر “فلسطین مارچ” کیا جارہا ہے۔

مارچ میں بڑی تعداد میں شہری فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شریک ہیں۔ شرکاء اسرائیل کی جارحیت کے خلاف نعروں کے ذریعے غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔

انہوں نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی اور فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے ہیں۔
فلسطین مارچ میں شرکاء حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بلوچ کالونی سے نرسری بس اسٹاپ تک پیدل مارچ کریں گے۔

راولپنڈی :
ادھر راولپنڈی لیاقت روڈ پر اظہار یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مجاھدین نے راکٹ فائر کیے تو اسرائیل لرز گیا امریکہ افغانستان میں جوتے کھا کر گیا، آج امریکہ غزہ مسلمانوں کے خلاف آیا ہے اسے پھر ذلت اٹھانی پڑے گی۔

ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے بے حس حکمرانوں سے پوچھتا ہوں کہ وہ کہاں ہیں، اسلامی ممالک اپنا بارڈر کھول دیں ہم اسرائیلیوں کو دیکھ لیں گے۔

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے راولپنڈی میں ہی رائل رائیڈرز پاکستان کی جانب سے موٹر بائیک ریلی کا انقعاد کیا گیا۔ ریلی میں معصوم بچے بھی والدین کے ساتھ شریک ہوئے۔

لاہور:
دوسری جانب لاہور میں مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتمام لبیک یا اقصیٰ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شرکاء نے ہاتھ میں فلسطینیوں سے محبت میں لکھے گئے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔