تازہ ترین

کوئٹہ: بم دھماکے میں پی ایم ڈی سی کا پراجیکٹ منیجر جاں بحق

کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا پراجیکٹ منیجر جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں پی ایم ڈی سی کول مائن لیبر کالونی کے قریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے پراجیکٹ منیجر شبر مرزا کول مائن فیلڈ جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے پراجیکٹ منیجر کی گاڑی کے قریب زار دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں شبر مرزا موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ڈرائیور ذاکر شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکھٹے کرلئے گئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کا تھا، جسے سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، بم میں 7سے 8کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔