تازہ ترین

جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت دیدی

لاہور – جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار کرنے اور ان سے تحقیقات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

عدالت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد تفتیشی ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کے لیے اٹک جیل جائے گی۔

واضح رہے کہ انویسٹی گیشن پولیس نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان سے تحقیقات اور ان کی گرفتاری کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیا رکیا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی ہےا ور وہ اٹک چیل میں قید ہیں۔ جناح ہاؤس حملہ کیس میں تحقیقات اور ان کی گرفتاری درکار ہے جس کی اجازت دی جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات کرنے اور ان کی گرفتاری کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو شامل تفتیش کریں گے لیکن ان کی گرفتاری التوا میں رکھی جائے گی۔ جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے لیے پولیس جیل حکام کو تحریری طور پر مطلع کرے گی۔