اسلام آباد (سن نیوز)اقوام متحدہ (یو این) میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی مستقل نشست چاہتا ہے لیکن یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں کے معاملے پربحث اگلے سال تک ملتوی ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ایسے تو اور ملک بھی یو این کے مستقل رکن بننا چاہتے ہیں، سب ملکوں کو تو سلامتی کونسل کی مستقل نشست نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہا کہ مخصوص وقت کیلئے سب ممالک سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست پرآئیں، بھارت بھی آئے، پاکستان بھی آئے اور اپنی اپنی باری پر سب آئیں۔منیر اکرم نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل میں بھارت مستقل نشست چاہتا ہے، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے، اس معاملےمیں اٹلی سمیت ہمارے ساتھ بہت سے ممالک کی حمایت شامل ہے اور یہ ہماری سفارتکاری اور مستقل محنت کا نتیجہ ہے۔پاکستان کی بڑی کامیابی، سلامتی کونسل میں مستقل نشست کیلئے بھارت کی کوشش پھر ناکامانہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ بین الحکومتی بات چیت کاعمل درست ہے، سلامتی کونسل ریفارم کے مختلف ایشوز اور توسیع پربات کرنی ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع کہاں سےہوگی، کس ریجن کوکتنی نشستیں ملنی چاہئیں، توسیع کا ویٹو پاورز سے کیا تعلق ہوگا، سلامتی کونسل کا جنرل اسمبلی سے تعلق کیا ہوگا؟ ان نکات پربحث کرکے ہمیں طے کرنا ہے کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم کا کہنا تھا کہ ان تمام باتوں کے بعد ہی سلامتی کونسل ریفارم کا کوئی مسودہ تیار ہوگا۔