اسلام آباد (سن نیوز)یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان ہر ہفتے کمیونٹی سے بالمشافہ ملاقات کے لیے ایک مخصوص وقت مقرر کریں گے، یہ بات انہوں نے برسلز میں تعیناتی کے بعد اپنی پہلی آن لائن کھلی کچہری میں بتائی۔پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ ویسے تو اس کھلی کچہری کا مقصد بھی اپنی کمیونٹی سے بہتر رابطہ اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی میں ہر ہفتے ایک مخصوص وقت میں لوگوں سے بالمشافہ ملاقات بھی کروں گا تاکہ اگر کسی کا کوئی ایسا مسئلہ یا شکایت ہے جو حل طلب ہو اور وہ دوسروں کے سامنے اس کا اظہار نہ کر سکے تو اس کے لیے آسانی پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا اسٹاف ہر وقت حاضر ہیں لیکن اس مخصوص وقت کے تعین کا اعلان بہت جلد کر دیا جائے گا۔سفیرِ پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنی گفتگو کے دوران مزید کہا کہ سفارت کسی بھی ملک کے بیرونی تعلقات کے لیے اہم ادارہ ہوتی ہے لیکن اصل شناخت اس ملک میں موجود اس کی اوورسیز کمیونٹی ہوتی ہے جو ایک مستقل پل کا کردار ادا کرتی ہے۔اس دوران کھلی کچہری میں شریک مختلف افراد نے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات میں اضافے کے لیے اپنی مختلف تجاویز پیش کیں۔ان تجاویز کو سفیرِ پاکستان نے سراہا اور عندیہ دیا کہ وہ یورپ اور پاکستان کے درمیان تعلیم، سائنس اور دیگر شعبوں میں تعاون اور اضافے کیلئے دی جانے والی تجاویز اور کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کریں گے۔اس کھلی کچہری میں شریک ایک شہری طیب قریشی نے پاک یورپ تعلقات میں مزید اضافے کے لیے مختلف شعبوں کی نشاندہی کی جبکہ باقی شرکاء نے سفیرِ پاکستان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس کھلی کچہری کی میزبانی نوید انجم نے کی جبکہ اس میں سفارتی عملے کے باقی افسران بھی شریک تھے۔
پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید کی برسلز میں کھلی کچہری
