تازہ ترین

پی ٹی آئی جلسہ: واک تھرو گیٹ پر ایک شخص سے پستول، گولیاں برآمد، ذرائع

اسلام آباد (سن نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج اسلام آباد میں جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے، جلسہ گاہ کے واک تھرو گیٹ پر ایک شخص سے پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔پولیس حکام نے جلسہ گاہ انٹری پوائنٹ پر غنی نامی شخص سے اسلحہ برآمد کیا، اس شخص کے قبضے سے تیس بور پسٹل، دس راؤنڈ برآمد ہوئے۔اسلحہ بردار شخص کے پی کے، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا ملازم نکلا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے، کوئی بھی گاڑی بغیر چیکنگ کے جلسہ گاہ کے قریب نہیں جانی چاہیے۔خواتین کی چیکنگ کے لیے مزید خواتین پولیس اہلکار تعینات کردی گئی ہیں۔جلسے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے، وہ راولپنڈی سے ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔