تازہ ترین

شیخ رشید کا لال حویلی کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان

راولپنڈی( سن نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنی رہائشگاہ لال حویلی کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن میں ملٹی پرپز اکیڈمک ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا راولپنڈی میں جو بھی پلاٹ خالی نظر آئے وہاں کالج اور یونیورسٹیز بنائیں، ان شاءاللہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔شیخ رشید نے اپنی رہائش گاہ لال حویلی کو بھی مستقبل میں یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو باہر کی ٹاپ یونیورسٹیز سے تعلیم دلوانے کیلئے لال حویلی کردار ادا کرے گی۔ان کا کہنا تھا بچیوں کے کالجز میں ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے، کوئی بچی ایک کلو میٹر سے زیادہ فاصلے پر پیدل نہیں جائے گی، لڑکے نالائق ہو گئے ہیں اور لڑکیاں آگے نکل گئی ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کیلئے میرے شہر کا انتخاب کیا ہے، اپوزیشن احتجاج کرے لیکن آئین اور قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، آئین و قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا تو کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا عمران خان خود ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کی نیوی نے تیسری دفعہ ہندوستان کی نیوی کو شٹ اپ کال دی ہے، پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج چاق و چوبند ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی اگر کسی سے ملاقات ہوئی ہے تو اچھی بات ہے، امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ ن اور ش دو لیگ ہیں، الیکشن سے پہلے پہلے تیسری ن لیگ بھی وجود میں آ جائے گی۔