تازہ ترین

پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازیں کیسے بحال ہوں گی؟ یورپی یونین نے بتا دیا

اسلام آباد(سن نیوز)قومی ایئر لائن پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازیں کیسے بحال ہوں گی؟ یورپی یونین نے بتا دیا۔یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کے خط کا جواب دے دیا۔خط کا جواب دیتے ہوئے ایاسا نے کہا کہ یورپی یونین کی تھرڈ کنٹری آپریٹرز سے متعلق ریگولیشن کے تحت پروازوں پر پابندی اٹھانے سے قبل پی آئی اے کا آڈٹ لازمی ہوگا۔ایاسا نے کہا کہ پاکستان سی اے اے کے حالیہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاو) کے آڈٹ کا جائزہ لیا جائے گا، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے آڈٹ کے علاوہ پاکستان کی طرف سے مزید پیش رفت کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے۔یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سی اے اے اور پی آئی اے کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر غور اور جائزہ لیا جائے گا، اس تمام پیش رفت کا جائزہ لے کر پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہ راست پروازوں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا، پاکستان میں ایوی ایشن سیفٹی کی نگرانی سے متعلق یورپی کمیشن اور ایاسا کے درمیان ٹیکنیکل سیشنز ہوئے ہیں۔خط کے جواب میں ایاسا کا کہنا تھا کہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے بطور تھرڈ کنٹری آپریٹر پی آئی اے اور سی اے اے پاکستان کا آن سائٹ وزٹ ہوگا، ایاسا کے وفد کا دورہ پاکستان سی اے اے، یورپی یونین اور سیفٹی ایجنسی کی مشاورت سے طے ہوگا۔ذرائع کے مطابق یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے دورہ پاکستان سے متعلق سی اے اے پاکستان رابطے میں ہے، ایاسا کی کلیئرنس کے بعد پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہ راست پروازیں بحال ہوں گی۔خیال رہے کہ پی آئی اے پر جولائی 2020 سے یورپی ملکوں کے لیے براہ راست پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔