تازہ ترین

پاکستان نے یوکرین کے عوام کیلئے مزید 7.5 ٹن امداد بھیج دی

اسلام آباد(سن نیوز)پاکستان نے یوکرین کے جنگ سے متاثرہ عوام کے لیے مزید 7.5 ٹن امداد بھیجی ہے، یہ امداد لے کر پاکستان ایئر فورس کا ایک اور طیارہ آج پولینڈ پہنچا ہے۔اس امدادی سامان میں بھی ادویات، کمبل اور خوراک سمیت ضرورت کی دوسری اشیاء شامل ہیں۔ایئر فورس کا یہ طیارہ امدادی سامان لیکر جب وارسا کے چوپین ایئر پورٹ پہنچا تو اس کا استقبال پولینڈ میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق، پولینڈ میں پاکستان کے دفاعی اتاشی برگیڈیئر قاسم، یوکرین کے پولینڈ میں سفارت خانے کے افسر اور دیگر نے کیا۔یاد رہے کہ اس ہفتے میں پاکستان کی جانب سے انسانی بنیادوں پر یوکرین کے عوام کے لیے بھیجے جانے والے امدادی سامان کی یہ دوسری کھیپ ہے۔