تازہ ترین

الیکشن کمیشن اور انتظامیہ بلدیاتی انتخابات کو غیر شفاف کرنے سے باز رہیں، ڈاکٹر مالک

اسلام آباد (سن نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کو تنبیہہ کی ہے۔تربت سے جاری بیان میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ انتخابی عمل کو غیر شفاف کرنے سے باز آجائیں، صوبائی حکومت کی انتخابی عمل میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صوبائی وزرا پر پابندی لگائے اور ان کے نقل و حمل کو محدود کریں، الیکشن عملہ کولواہ، جت ، بلور جانے اور انتخابات کرانے کے بجائے سب تحصیل ہوشاپ کے ہائی اسکول میں پولنگ کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
انھوں نے کہاکہ علاقوں سے 100کلو میٹر دور بغیر کسی اطلاع کے پولنگ اسٹیشنز قائم کرنا عوام کے حق رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے لہٰذا ایسے عمل کو ہر گز تسلیم نہیں کریں گے ۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ الیکشن کمیشن فوری طور پر اس غیر آئینی اقدام پر نوٹس لے اور الیکشن عمل کو معطل کریں۔