اسلام آباد( سن نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے بھی کپتان عمران خان کی طرح آئینی اختیار کا غلط استعمال کرنا چاہا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں مسلسل آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے کئی ماہ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو مفلوج بنا کر رکھا تھا، انہیں باعزت طریقے سے مستعفی ہو جانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے وزیراعظم کی بھیجی سمری مسترد کرنے کا عمل تشویشناک اور حیران کن تھا، صدر کا عہدہ وزیراعظم کا مشورہ ماننے کا پابند ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عارف علوی تحریک انصاف کے کارکن کا کردار ادا کررہے ملک کے صدر کا نہیں۔خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔
گورنر پنجاب نے بھی کپتان کی طرح آئینی اختیار کا غلط استعمال کرنا چاہا، شیری رحمٰن
